مولانا نسیم کنوینر، احمد بن نذر ینگ عراقی کے کنوینر
چترا۔(نمائندہ)جمعیۃ العراقین جھارکھنڈ اپنے حقوق کے حاصل کرنے اور سرکاری مراعات و سہولیات سے فائدہ اٹھانے اور اس برادری کو اوبی سی 1 کیٹیگری میں شامل کرنے کےلیے اس وقت بھرپور قوت کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔
اس تعلق سے چترا شاخ کی نشست مفتی نذر توحید المظاہری کے زیر صدارت،رحمت چوک میں واقع زم زم ہوٹل میں ہوئی،جس میں رانچی سے جمعیۃ العراقین جھارکھنڈ کے کنوینر مولانا منظور عالم قاسمی،یوتھ کے کنوینر شاہ عمیر،خورشید حسن رومی،صحافی عادل رشید نے بحیثیت مہمان خصوصی کے شرکت کی۔
نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید حسن رومی نے کہا کہ ہمیں اپنی برادری کی ترقی فلاح کےلیے جب بھی ضرورت پڑے،تیار رہنا ہوگا۔ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنے سے نہ پہلے کبھی کسی کو کچھ حاصل ہوا ہے،نہ اب ہو سکےگا۔انہوں نے اس بات پر کافی زور دیا کہ نوجوانوں کو لازمی طور پر اس تحریک کا حصہ بنایا جائے،اور ابھی سے رفتہ رفتہ انہیں ذمہ داریاں سپرد کی جائیں،کیوں کہ یہ نوجوان ہی ہمارا اور ہمارے قوم کا مستقبل ہیں۔انہوں نے کسی بھی کام کو نتیجے تک پہنچانے کےلیے فولو اپ کرنے اور اس کے تئیں لگاتار لگ جانے کو ضروری قرار دیا۔برادری کو او بی سی 2 سے اوبی سی 1 کی کیٹیگری میں شامل کروانے کے متعلق بھی تفصیلات فراہم کیں۔
جمعیۃ العراقین جھارکھنڈ کے کنوینر مولانا منظور عالم قاسمی نے جمعیۃ کی تاریخ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 1994ء میں کلال عراقی کانفرنس،اٹکی میں منعقد ہوئی تھی،جس میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو سے اس برادری کو او بی سی 2 میں شامل کرنے کو کہا گیا تھا،چنانچہ لالو پرساد یادو نے اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسی کانفرنس میں اس کا اعلان کیا تھا۔اور ابھی اس سلسے میں ہماری ملاقات پچھلے دنوں اس سلسے میں جمعیۃ العراقین جھارکھنڈ کا وفد اپنے مسائل کو لے کر بندھو ترکی(سابق ریاستی وزیر تعلیم و ممبر اسمبلی)،ڈاکٹر رامیشور اوراؤں(ریاستی وزیر خزانہ)،حفیظ الحسن(ریاستی وزیر برائے اقلیتی فلاح) اور عالمگیر عالم(ریاستی وزیر برائے پارلیمانی امور و دیہی ترقی) سے ہو چکی ہے۔
یوتھ کے ریاستی صدر شاہ عمیر نے بتایا کہ میں سرکاری ملازم ہوں،مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ میرے شعبے میں بھی برادری کے افراد بہت مشکل سے ہی نظر آتے ہیں۔لہذا،اگر ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو سرکاری ملازمت اور تعلیم میں آبادی کے تناسب سے سہولیات و مراعات چاہئیں تو متحد ہو کر اس تحریک اپنی جان،اپنا مال اور اپنا وقت لگاکر کامیاب کرنا ہوگا۔کیوں کہ اس سے کسی کا صرف ذاتی فائدہ نہیں ہے،بلکہ یہ قوم کے ہر گھر کی لڑائی اور ہر فرد کی لڑائی ہے۔انہوں نے اپنی لڑائی کی بنیاد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ابھی پچھلے دنوں ہندؤں کی “سوڑھی” برادری کو او بی سی 1 میں شامل کیا گیا،جو کلالوں کی ہم پیشہ برادری ہے۔اس لیے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جن وجوہات کی بنا پر انہیں او بی سی 1 میں شامل کیا گیا ہے،ہمیں بھی کیا جائے۔
صدر مجلس نے اپنی بات مختصراً رکھتے ہوئے 20 نومبر 2022ء کو اٹکی میں منعقد ہونے والے جھارکھنڈ کے تمام اضلاع کے مدعوئین و افراد پر مشتمل نمائندہ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مالی تعاون اور اس کی فراہمی کےلیے کوشش پر بھی زور دیا۔
اس نشست میں اس کی ضلعی شاخ کے ذمہ دار کے طور پر اتفاق رائے سے ماسٹر نسیم الدین قاسمی کو کنوینر،امیر اللہ(سمریا)کو نائب کنوینر،احمد بن نذر کو یوتھ کنوینر اور محمد راشد کو جوائنٹ کنوینر منتخب کیا گیا۔
نشست میں شریک ہونے والوں میں شہر چترا سے ذوالقرنین(بیورو چیف:دینک جاگرن)،حافظ جلال،مولانا جسیم الدین مظاہری،منہاج الحق،مولانا جسیم ظفر،مسٹر وہاج الحق،مولانا حامد قاسمی،مولوی عطاءاللہ رشیدی،ڈاکٹر ذوالقرنین بلال،ہارون رشید،ماسٹر جیلانی،مختار عالم،ڈاکٹر حمزہ،ڈاکٹر عابد،عبدالغفار(وارڈ کمشنر)،محمد اکرام گولڈن،نیز دیہی علاقوں کے نمائندگان میں سمریا سے امیر اللہ،چندری سے مولانا ضیاءالدین مظاہری،جوری سے ڈاکٹر عارف و محمد سرمد،بہیرا سے محمد زلفان،مسرول سے حافظ علیم الدین،سمریا سے عبداللہ اور بہیرا ڈیہہ سے ڈاکٹر محمد اشتیاق وغیرہ کے نام خصوصی طور پر قابل ذکر ہیں۔
0 Comments