جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے مولانا عطاء اللہ قاسمی کے بچوں کی تعلیمی ذمہ داری لی اوربیوہ کے لیے وظیفہ جاری کیا

 *مولانا عطاء اللہ قاسمی مرحوم کے قاتلوں کوسخت سے سخت سزادی جائے،ان کے اہل خانہ کو معقول معاوضہ دیاجائے* 

 

وفد کا حکومت جھارکھنڈ سے مطالبہ* ہزاریباغ5/اکتوبر:

جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کاایک مؤقر وفدجناب  محمدشہاب الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈکی قیادت میں مولاناعطاء اللہ قاسمی مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کرنے کے لیے ان کے آبائی وطن گرہاضلع پلاموں پہنچا،وفدمیں مولانا شکیل الرحمن قاسمی ممبر ورکنگ کمیٹی جمعیۃ علماء جھارکھنڈاور سیدسیف الدین خالد سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ شریک رہے۔

وفد نے مولانا عطاء اللہ قاسمی مرحوم کے والدجناب مولوی عبدالمنان صاحب اور ان کے سسرجناب شوکت علی مقام کھامہا،تھانہ گوہ پارو ضلع شہڈول، صوبہ مدھیہ پردیش اور ان کے بھائی مولانا نورالحسن سے ملاقات کی اورمولانا مرحوم کے دل دہلادینے والے حادثہ کی مکمل جانکاری لی۔انھوں نے بتایا کہ مولانا مرحوم 21/ستمبر11بجے دن موٹرسائیکل سے بیجاری یادو سے ملنے پامنیاتھانہ،سیہ پور(مدھ پردیش)کے لیے نکلے تھے اور شام تک نہیں لوٹے تو دوسرے دن 22/ستمبرکو گوہ پارو تھانہ میں مولانامرحوم کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی،جس کا رجسٹریشن نمبر0061/2022ہے۔اس کے بعد مولانامرحوم کی لاش 26ستمبرکو جنگل میں ملی جس کودرندوں نے انتہائی بے دردی اور سفاکیت کے ساتھ قتل کرکے اسے جلادیاتھاتاکہ اس کی شناخت نہ کی جاسکے۔

مولانا مرحوم جمعیۃ علماء ضلع پلاموں کے نائب

صدراورجمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے سرگرم رکن تھے،5جون2022کو جمعیۃ علماء ضلع پلاموں کے زیراہتمام قومی یکجہتی کانفرنس کے انعقاد کے سلسلہ میں مرحوم کی جدوجہد قابل رشک تھی اس اجلاس کے مہمان خصوصی جگرگوشہئ شیخ لاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی زیدمجدہٗ تھے جن کامولانا عطاء اللہ قاسمی نے گرم جوشی سے استقبال کیاتھا وہ مناظر اب بھی نظروں کے سامنے ہیں،اللہ تعالی انھیں غریق رحمت کرے۔

واضح رہے کہ مولانا عطاء اللہ قاسمی کی تین لڑکیاں تجلی خاتون14سال،شہزادی خاتون13سال، شائقہ ارم6سال جو اسکو ل میں زیر تعلیم ہیں اور دولڑکے ارشد11سال، معاذ9سال بھی اسکو ل میں پڑھ رہے ہیں،اس موقع پر وفد نے جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی طرف سے دس ہزارروپے نقدمولانا مرحوم کی اہلیہ کو دیے اور ماہانہ دوہزارروپے وظیفہ کا اعلان کیاجو اس ماہ سے جاری کردیاجائے گا۔نیزبچوں کی تعلیم کے سلسلہ میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا،اس کے بعد مولانا مرحوم کے گھرمیں ہی ان کے اعزاء کے ساتھ ایصال ثواب کیاگیااورمفتی محمدشہاب الدین قاسمی نے ان کے لیے دعاء مغفرت کی۔

وفد نے اس اندوہناک واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت جھارکھنڈ سے مجرمین کے خلاف سخت سے سخت قدم اٹھانے اور مرحوم کے اہل خانہ کو معقول معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔معاوضہ کے سلسلہ میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے اپنی عملی جدوجہد شروع کردی ہے، اس سلسلہ میں جمعیۃ علماء ضلع پلاموں کے صدر اورجمعیۃ علماء جھارکھنڈکے سکریٹری جناب حافظ

خالدحسین کی جدوجہدقابل ستائش ہے۔

جمعیۃ علماء ضلع پلاموں کے صدر جناب حافظ خالدحسین گرہا،جنرل سکریٹری حافظ نوشادعالم سنگل دیپا،نائب صدر جناب مولانا عبدالصبورقاسمی مہتمم مدرسہ الہدایہ ڈالٹن گنج،مولانا امتیاز مظاہری مہتمم مدرسہ محمودیہ گرہا،مولانانیاز قاسمی گرہا،مولانا پرویز گرہا،مولانا حامدرسول (شاگردقاری فخرالدین گیاویؒ)گرہا، مولانا نورالحسن گرہا،جناب جعفرآفس سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع پلاموں لیسنی گنج،حافظ منصورعالم بلاک جنرل سکریٹری سنگل دیپا،مولانا اسجداللہ مظاہری نائب صدر جمعیۃعلماء ضلع پلاموں،مولانا رفیق نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع پلاموں،حافظ ظفر گرہا،حافظ سہراب گرہا،مولانا آزاد قاسمی گرہا وفد کے ساتھ ساتھ رہے، اس موقع پر وفد نے جمعیۃعلماء ضلع پلاموں کے اراکین سے مقامی اوربلاک سطح کی یونٹوں کو متحرک کرنے،قیام مکاتب قرآنیہ اور تحفظ مدارس ومساجد کے سلسلہ میں ضروری مشورے بھی دیے اور مولاناآزادقاسمی کی عیادت بھی کی۔

Post a Comment

0 Comments

MK Advance Dental Hospital
Hopewell Hospital
Shah Residency IMG
S.R Enterprises IMG
Safe Aqua Care Pvt Ltd Image