دھلی کی ایک شاندار تقریب میں مفتی محمدشہاب الدین قاسمی کی تصنیف ”تعلیم قرآن عہدبہ عہد“کی رسم اجراء....ایک یادگار لمحہ
الحمدللہ کتاب طبع ہوکرہاتھوں میں ہے،مسرت کے اس تاریخی موقع پر رب کائنات کا شکرگزار ہوں کہ اس نے محض اپنے فضل سے مجھے یہ مبارک دن دکھایا، حسن اتفاق ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک میٹنگ کے سلسلہ میں آج ہی دہلی پہنچاکہ میرے بھتیجے ڈاکٹر امیرحمزہ قاسمی کا فون آیاکہ کتاب پریس سے دفترپہنچ رہی ہے، موقع کو غنیمت جانتے ہوئے اسی میٹنگ میں تقریب رسم اجراء منعقدکردی گئی،رسم اجراء کے بعدجگرگوشہ شیخ الاسلام مولانا سیداسجد مدنی دیوبند، مولانااشہدرشیدی شاہی مرادآباد،مولانافضل الرحمن قاسمی دہلی اورمولانا بدراحمدمجیبی پٹنہ نے کتاب کی ظاہری ومعنوی خوبیوں پراپنی پسندیدگی کااظہارکرتے ہوئے اس نادرواچھوتی تحقیقی کاوش پرمبارک باد دی اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔
*کتاب اپنے کلیدی عناوین کے آئینہ میں*
اس کتاب میں قرآن کریم پڑھنے،پڑھانے کے سلسلہ میں نبوی منہج کے تمام گوشوں مثلاً جناب رسول اللہؐ کاجبرئیل امین ؑ سے قرآن کریم پڑھنے اور یاد کرنے کا طریقہ، اس سلسلہ میں اللہ کی طرف سے آپؐ کو ملنے والی ہدایات، آپؐ کا اسلوب قرأت وتلاوت،آپ ؐکے جبرئیل امین ؑ سے دور کرنے کے طریقے، صحابہ کرامؓ کوپڑھا نے کے طریقے،قرآن کریم پڑھانے کی غرض سے رسول اللہؐ کی اپنے صحابہؓ سے قرآن کریم کی سماعت، تجوید، ترتیل،ترجیع،حسن صوت اورلہجہ عربیہ میں آپؐ کی قرأت اور امت کو اس کی تاکید، آپؐ سے ثابت شدہ قرأت کی اقسام ودرجات،صحابہ کرامؓ کو عام مسلمانوں کے علاقوں میں قرآن کریم پڑھانے کے لیے بھیجنااور اس سلسلہ میں آپؐ کی ہدایات،نقل شفاہی یعنی تلقی، عرض اور تلقین کی حقیقت وماہیت اورتعلیم قرآن میں ان ذرائع کی اساسی اور بنیادی اہمیت، آپؐسے بالمشافہہ قرآن کریم پڑھنے والے طبقہ اولیٰ کے صحابہ کرامؓ اور اس سلسلہ میں ان کے کارنامے،
طبقہ ثانیہ کے صحابہ کرام ؓاورتابعینؒ کی خدماتِ قرآن کریم،عہد نبوی ؐکے حفاظ کرام، قرآن کریم کے معلمین صحابہؓ وتابعینؒ، قرأت کی ترویج واشاعت میں ائمہ عشرہ کا کردار اور جناب رسول اللہؐ تک ان کی اسانید قرأت،عہد نبویؐ کے حلقات قرآنیہ اور ان کا تعلیمی منہج اور عہد صحابہؓ وتابعینؒ کے مکاتب قرآنیہ اور ان کا نظام تعلیم وتربیت جیسے بنیادی،اساسی اور کلیدی عناوین پر مستند،علمی، تحقیقی اور تاریخی بحث کی گئی ہے،جن سے قرآن کریم کی قرأت وتلاوت اور تعلیم وتعلم کے باب میں نبویؐ اسلوب اور منہج واضح ہوکر سامنے آجاتاہے۔
*خصوصیات* تحقیق واخذ کے تمام پہلوؤں کومدنظر رکھتے ہوئے تعلیم قرآن عہدبہ عہدکی تاریخ کوپیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے،طباعت سے پہلے ماہرین علم وفن نے کتاب کو بغوردیکھا، دوسوچونتیس متون اور مصادرومآخذکے حوالوں سے مزین،اردوکے ماہر ادیبوں سے تصحیح شدہ،سترہ ابواب اورتریپن صفحات پر مشتمل تاریخی اور علمی مقدمہ نیز اساتذہ اوراکابرعلماء کی تقریظات وتائیدات سے آراستہ ہے۔ *پیش کش* سترگرام نیچرل شیڈ کاغذ،عالمی معیار کی طباعت،راؤنڈ بائنڈنگ،عمدہ سلائی وپیسٹنگ،ٹیگ رِبَن، ڈیجیٹل ٹائٹل،اضافی جیکٹ مع یووی (ابھرے ہوئے حروف)اورحکومت ہندسے منظورشدہ ISBN نمبرکے ساتھ طبع کیاگیاہے۔ صفحات 560قیمت 400روپے مع ڈاک خرچ۔
0 Comments