درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو

 


🌷خدمت انسانیت کا اسلامی تصور🌷
درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کرو بیاں 
    
خدمت کی تعریف اور خدمت انسانیت کا جامع مفہوم:
"خدمت" کا لغوی معنیٰ ہے" کسی کا کام کرنا ،کسی کی ضرورت پوری کرنا ،اس کی مدد کرنا۔
    خدمت کا جامع واصطلاحی مفہوم یہ ہے کہ بغرض حصول رضاےالہی حسب استطاعت جملہ امور خیر میں تمام انسانوں خصوصاً مسلمانوں کی ضرورت کے مطابق مدد کرنا ،ان کے دکھ درد میں شریک ہو کر اپنی ہمدردی وغم خواری کا اظہار کرنا ۔
      خدمت انسانیت ، احترام انسانیت اور خدمت خلق ایسے پاکیزہ اعمال ہیں جن کے دامن سے وابستہ ہونے والے کو ہر دین ومذہب میں بصد  تحسین وآفرین سراہا جاتا ہے اور  اسلام جیسے بے مثال آفاقی وعالمگیر مذہب کی شان کیا پوچھنا ، مذہب اسلام نام ہی ہے سراپا خیر ورحمت ، حسن سلوک وخیر خواہی کا اس دین متین کے اندر خدمت انسانیت کو عبادت کا درجہ حاصل ہے ، خدمت انسانیت کے عامل کو بے پناہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، اسلام کے نفع بخش تعلیمات وسنہرے پیغامات میں سے ایک پاکیزہ تعلیم وپیغام* خدمت خلق ،خدمت انسانیت* بھی ہے  
        تاریخ کا مطالعہ کریں گے تو آپ کو معلوم ہو گا کہ وہ پیغمبر اسلام ،محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم جو انسانوں کے لیے نمونۂ عمل بن کر خاک دان گیتی پر جلوہ افروز ہوئے ،انھوں نے جہاں ایک اللہ کی عبادت کا حکم دے کر دنیا والوں کو معبودان باطل سے نجات دلانے کی مکمل کوشش کی وہیں انسانی تقدس کو اچھے اعمال کے توسل سے بام عروج تک پہنچا نے کا  راستہ بھی بتایا ۔
 خدمت انسانیت یہ وہ خدمت ہے جس سے انسان نہ صرف لوگوں کے دلوں اپنی محبت کا خیمہ نصب کرکے ان سے داد و تحسین اور دعائیں حاصل کرتاہے بلکہ اس کار خیر کے ذریعے اللہ کی طرف سے مستحق رحمت و مغفرت بن جاتا ہے ۔
        اسلام خدمت انسانیت کے تعلق سے کس قدر حساس ہے اس کا اندازہ اس سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن وحدیث میں متعدد مقامات پر اس کی ترغیب دی گئی ہے، طول کلامی سے بچتے ہوئے اس تعلق سے بوجہ اختصار چند قرآنی آیات ونبوی فرمودات قلم بند کرتاہوں:
           قرآن مجید میں اللہ وحدہ لاشریک نے اپنے بندوں کو  خدمت انسانیت پر ابھارتے ہوئے ارشاد فرمایا:
        "تعاونوا علی البر والتقوی" (سورۂ مائدہ:٢) ترجمہ: نیکی وپر ہیزگاری کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون اور مدد کرو ۔
قرآن مقدس میں ایک اور مقام پر ارشاد خداوندی ہے :
      ولکن البر من آمن باللہ  والیوم الآخر والملائکۃ والکتاب والنبیین وآتی المال علیٰ حبہ ذوی القربیٰ والیتمی والمساکین وابن السبیل والسائلین و فی الرقاب الخ ......(سورۂ بقرہ:پ:٢) ترجمۂ کنزالایمان : ہاں اصل نیکی رشتہ داروں  یہ ہے کہ ایمان لائے اللہ اور قیامت اور فرشتوں اور کتابوں اور پیغمبروں پر اوراللہ کی محبت میں اپنا عزیز مال دے رشتہ داروں اور یتیموں اور مسکینوں اور راہ گیر اور سائلوں کو اور گردنیں چھڑانے میں ۔
    
رحمت عالم کے چند فرمودات:
       آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کو خدمت انسانیت کی ترغیب دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:"خیرالناس من ینفع الناس"( ترمذی شریف) یعنی لوگوں میں سب سے بہتر وہ ہے جو انسانوں کو فائدہ اور نفع پہنچائے ۔
     ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا : (ترجمہ ) "اگر کوئی شخص راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹا دے تو یہ بھی صدقہ ہے"( صحیح مسلم)
      آیات قرآن مبین وارشادات رحمۃ للعالمین سے بخوبی ظاہر وآشکارا ہوگیا کہ ہم میں بہترین اور سب سے اچھا و عمدہ انسان وہ ہے جو دوسروں کے ساتھ اچھا برتاؤ اور حسن سلوک قائم رکھے ،یتیموں ،غریبوں،مسکینوں لاچار ومحتاجوں کے دلوں میں خوشیاں بھردے ،ان کے درد و الم حزن وملال کو دور کرنے کی کوشش کریں خصوصاً آج کے اس آسمان چھوتے مہنگائی کے دور میں یتیم وغریب بچیوں کا رشتہ طے کرنا ،ناگہانی آفت سے ( ایکسیڈینٹ، مہلک امراض وغیرہ) سے دوچار علما و غریب عوام کی مالی تعاون کرکے اخلاقی فریضہ ادا کرنا بہت ضروری ہے ۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے عقائد حقہ کے فروغ اور ایمان سوز باطل عقائد و نظریات اور شر انگیز فتنوں (جیسے کہ حالیہ دنوں میں رام گڑھ کے اندر گوہر شاہی فتنہ نے سر اٹھا نے کی کوشش کی تھی) کے ازالہ اور سد باب آپسی تعاون واجتماعی قوت سے ہی ہو سکتا ہے ۔
انھیں مقاصد حسنہ کے پیش نظرضلع رام گڑھ میں*تنظیم خدمت انسانیت* کو نہایت منظم ومستحکم طریقے پر تشکیل دی گئی ہے ۔
    اللہ بھلا کرے   جملہ علماء و دانش وران و  نوجوانان اہل سنت   کو جن کی مشترکہ کوششوں ، جہد پیہم اور حسن مشاورت  سے یہ انقلابی اقدام ہوا جو کہ بہت ہی خوش آیند پیش رفت ہے ۔
    یہ" تنظیم خدمت انسانیت " نوع بانوع مقدس جزبات کے تحت معارج وجود میں آئی ہے یہی وجہ ہے کہ اس تنظیم کو وجود میں آتے ہی اس کے دامن سے علماء وعوام کثرت سے جڑتے چلے جارہے ہیں اور اب بھی جاری ہے ان شاءاللہ یہ تنظیم کامیابی کے درجہ کمال کو پہنچتی نظر آۓ گی ۔
   * خدمت انسانیت* وقت کی اہم ضرورت ہے ،پوری قوم پورے سماج کی ضرورت ہے اسے شاہراہ ترقی پر لے جانا ،مالی اعتبار سے مضبوط ومستحکم کرنا ہرامت مسلمہ کے لیے اخلاقی ودینی فریضہ ہے ۔ 
     ماشاءاللہ " خدمت انسانیت "کے تمام تر منصوبہ جات ، وعملی اقدامات قابل قدر واطمینان بخش ہیں ۔
مخلصانہ ہمدردانہ اپیل* تمام ممبران تنظیم کو خدمت انسانیت کے فروغ کے لیے کوشاں رہتے ہوئے اپنے گردونواح کے نوجوانوں ودیگر اشخاص کو بھی اس تنظیم کی اہمیت وافادیت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کے نوجوانوں میں بھی خدمت انسانیت کا جزبہ پروان چڑھے ۔
      یاد رکھیں یہ خدمت انسانیت نہ صرف دلوں کو فتح کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ اسلام وسنیت کی ترویج و اشاعت کا بھی موثر ذریعہ ہے ۔
 الطاف حسین حالی  کے اشعار پر اپنا قلم سیال کو مہمیز دیتا ہوں:
       خدارحم کرتا نہیں اس بشر پر 
     نہ ہو درد کی چوٹ جس جگر پر
       کرو  مہربانی  تم اہل  زمین پر
     خدا مہرباں ہو گا عرش بریں پر
 
*امین الدین مصباحی*  استاد مرکزی دارالقراءت،جمشیدپور  رکن تنظیم خدمت انسانیت رام گڑھ جھارکھنڈ ۔

Post a Comment

0 Comments

MK Advance Dental Hospital
Hopewell Hospital
Shah Residency IMG
S.R Enterprises IMG
Safe Aqua Care Pvt Ltd Image