کیا آپ کو اپریل فول کی حقیقت معلوم ہے ؟(مفتی ثابت حسین راحت قاسمی)
اپریل فول مغربی تہذیب کی دین ہے, بداخلاقی کی یہ وباء ہمارےمعاشرے میں مغربی تہذیب و معاشرے سے آئی ہے جو یکم اپریل کے نام سے متعارف ہے, اس دن لوگ ایک دوسرے سے مذاق کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو بے وقوف بناتے ہیں ,اس دن عوام کو بیوقوف بنانے کے لئے اخبارات کی سرخیوں میں سنسنی خیز خبریں شائع کی جاتی ہیں جسے پڑھ کر لوگ تھوڑی دیر کے لئے حیرت میں پڑ جاتے ہیں,بعد میں پتہ چلتا ہے کہ آج یکم اپریل یعنی "اپریل فول "کا دن ہے تو حقیقت واضح ہوجاتی ہے, اپریل فول کے آغاز اور اس کے شروع ہونے کی تاریخ اور حکایت بہت ہی مضحکہ خیز اور دلچسپ ہے, انسائیکلوپیڈیا آف برثانیکا نے اس کی تاریخی حیثیت پر مختلف انداز سے روشنی ڈالی ہے, بعض مصنفین کا کہنا ہے کہ فرانس میں سترہویں صدی سے پہلے سال کا آغاز جنوری کے بجائے اپریل سے ہوتا تھا, اس مہینے کو رومی اپنی دیوی "وینس "کی طرف منسوب کرکے مقدس سمجھا کرتے تھے چونکہ یہ سال کا پہلا دن ہوتا تھا اس لئے خوشی میں اس دن کو جشن و مسرت کے طور پر منایا کرتے تھے اور اظہار خوشی کے لئے آپس میں ہنسی مذاق کیا کرتے تھے, یہی چیز آگے چل کر "اپریل فول " کی شکل اختیار کرگئی, ایک دوسری وجہ یہ بھی بیان کی گئی ہے کہ 21/مارچ سے موسم میں تبدیلی آنی شروع ہو جاتی ہے, ان تبدیلیوں کو بعض نے قدرت کی طرف سے مذاق قرار دیا اور کہا کہ اچانک کبھی سردی کبھی گرمی لا کر قدرت ہمارے ساتھ مذاق کرکے ہمیں بیوقوف بنارہی ہے (نعوذ باللہ) لہذا ہمیں بھی ایک دوسرے کو بیوقوف بنانا اور ہنسی مذاق کرنا چاہئے, انسائیکلوپیڈیا روس میں اپریل فول کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ جب یہودیوں نے حضرت عیسی کو گرفتار کرلیا اور رومیوں کی عدالت میں پیش کیا تو رومیوں اور یہودیوں کی طرف سے حضرت عیسی کے ساتھ مذاق اور ٹھٹھا کیا گیا, ان کو پہلے یہودی سرداروں کی عدالت میں پیش کیا گیا پھر پیلاطس کی عدالت میں لے جائے گئے پھر وہاں سے ہیروڈیلس کی عدالت میں پیش کئے گئے پھر ہیروڈیلس نے پیلاطس کی عدالت میں بھیج دیا ایسا صرف حضرت عیسی کو بیوقوف بنانے کے لئے مذاق کے طور پر کیا گیا, لوقا کی انجیل میں بھی اس واقعہ کو کچھ اس طرح بیان کیا گیا ہے کہ جب لوگ حضرت عیسی کو گرفتار کئے ہوئے تھے تو ان کی آنکھوں کو بند کر کے طمانچہ مارتے تھے اور ان کا مذاق اڑاتے ہوئے پوچھتے تھے کہ اگر تو نبی ہے تو بتا کہ تجھے طمانچہ کس نے مارا ؟ فریدی وجدی کی عربی انسائیکلوپیڈیا سے بھی ان تفصیلات پر روشنی پڑتی ہے اور ان کے نزدیک بھی "اپریل فول " کی اصل وجہ یہی معلوم ہوتی ہے کہ یہ حضرت عیسی علیہ السلام کا مذاق اڑانے اور انہیں تکلیف پہنچانے کی یہودیوں کے نزدیک یادگار ہے, جو یکم اپریل کو "اپریل فول " کے طور پر منایا جاتا ہے, واضح ہوکہ تمسخر و استہزاء اسلامی تعلیمات کے منافی ہے, اسلامی شریعت میں کسی مرد کو کسی مرد کا اور کسی عورت کو کسی عورت کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں ہےاور نہ کسی جماعت کو کسی جماعت کے ساتھ استہزاء کی اجازت ہے(سورہ حجرات پارہ 26 ایت 11) جب اپریل فول کی تاریخ کی کڑیاں ایک مقدس ذات حضرت عیسی علیہ السلام سے وابستہ ہو تو پھر مسلمانوں کو اپریل فول منانے میں حد درجہ احتیاط سے کام لینا چاہئے بلکہ بالکل اس سے پرہیز کرنا چاہیے,
0 Comments